بھٹکل 27؍اپریل(ایس او نیوز) بھٹکل کے مضافاتی پولیس اسٹیشن کے حدود میں آنے والے کونٹوانی چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران فلائنگ اسکواڈ نے 1,94,472/-روپے اس لئے ضبط کرلیے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق اجازت نامے کے مندرجات میں کچھ گڑ بڑ تھی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کونٹوانی چیک پوسٹ پر ایس ایس ٹی ٹیم نے گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ شروع کررکھی ہے ۔ اس دوران 26 اپریل دوپہر 1بجے فلائنگ اسکواڈ نمبر 4کی تلاشی کے وقت ہاڈو ولّی سے بھٹکل کی طرف آنے والی ایک ماروتی اومنی KA47-M4641پر سفر کررہے دھرمستھلا سو سہایا سنگھا کے نقدی سے متعلق معاون منجوناتھ نارائن مڈیوال اور ڈرائیور اننت نائک ہوناور کے پاس مذکورہ رقم دستیا ب ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ فلائنگ اسکواڈ کے افسر ہرشیت اور ان کے معاونین نے انتخابی ضابطہ اخلا ق کے مطابق رقم لے جانے کے لئے درکار اجازت نامے کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ جس گاڑی میں رقم لے جانے کی اجازت ملی ہے ، اس کے بجائے دوسری گاڑی میں رقم موجودتھی۔دھرمستھلا سنگھا کے نقدی سے متعلق معاون منجوناتھ کا پورا نام شناختی کارڈ میں نہ ہونے اور آئی ڈی نمبر اجازت نامے میں موجود نہ رہنے کی وجہ سے نامناسب دستاویزات کے ساتھ رقم لے جانے کے الزام میں فلائنگ اسکواڈ نے اس رقم کو ضبط کرلیا۔پھر اس رقم کو بھٹکل تحصیلدار اورسب ٹریژری افیسر کے سامنے’محفوظ کمرے‘ میں ڈپازٹ کردیا گیا۔